مظفرآباد (لارڈ میڈیا): چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ریاست ہر فیصلے میں ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں قومی مفاد کے بجائے ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دی گئی ہے۔ مظفرآباد میں خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ ہیں، مگر ن لیگ کے مفاد میں نہیں کھڑے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات کوئی نئی بات نہیں، ہم قومی مفاد کے لیے خاموش ہیں لیکن آزادکشمیر کو مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے۔ انٹرنیٹ پر پابندی سے آزادکشمیر مقبوضہ کشمیر کی طرح نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور زیادتی کو جمہوریت کا نام دیا جاتا ہے اور ہم اس کے خلاف کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کی گنتی عوام کی خواہش کے مطابق تیر جیت چکا ہے، اور ہم ووٹ کا تحفظ کریں گے۔ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ ووٹوں کے مطابق چوہدری یاسین نے دونوں نشستیں جیت لی ہیں اور ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ احتجاج کے مسئلے کا درمیانی راستہ نکالا جانا چاہیے تھا، اور سچ اور مفاہمت کا کمیشن بننا چاہیے تھا تاکہ حقائق سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ زور زبردستی سے حکومت بنانا چاہتے ہیں، ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں۔


