اسلام آباد (لارڈ میڈیا) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی سنگل کنٹری برآمدی منڈی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 20 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ وزارت خارجہ میں امریکی بزنس وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے سرمایہ کاری کے لئے ضوابط کو آسان بنایا ہے اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، جبکہ امریکی کمپنیاں ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی اور دفاعی شعبوں میں مواقع کا جائزہ لے رہی ہیں۔ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور پاکستان امریکی ہائیڈرو کاربنز کی اہم منڈی کے طور پر ابھر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان امریکی کپاس اور سویابین کے بڑے درآمدکنندگان میں شامل ہے۔ گزشتہ مالی سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 9.4 ارب ڈالر رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مکالمے، سفارتکاری اور تنازعات کے پر امن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ اسلام آباد نے امریکا ایران مذاکرات میں مخلصانہ سہولت کار کا کردار ادا کیا، اور پاکستان اور امریکا علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان پارلیمانی روابط کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے اور پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط بنیادوں پر استوار ہو رہے ہیں۔


