دبئی (لارڈ میڈیا): دبئی ائیرپورٹ نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مسافروں کے لیے پاسپورٹ فری سفر ممکن بنا دیا ہے۔ یہ جدید سسٹم ستمبر 2025 سے پروازوں میں سوار ہونے والے مسافروں کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور اب دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے بھی امیگریشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
یہ نیا سسٹم اے آئی، بائیو میٹرک کیمروں اور فلائٹ ڈیٹا کو استعمال کرکے مسافروں اور سامان کی جانچ پڑتال چند سیکنڈ میں مکمل کرتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت ایک وقت میں 10 مسافر بیک وقت بارڈر کنٹرول سے گزر سکتے ہیں۔ مسافروں کو ریڈ کارپٹ سے سجے ٹرمینل تھری سے گزرتے ہوئے کسی قسم کے سفری دستاویزات دکھانے یا رکنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھ کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ نے کیمرا ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری کی ہے تاکہ مسافر بغیر پاسپورٹ کے ملک میں داخل یا نکل سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئی ٹیکنالوجی کی آزمائش ابھی فرسٹ کلاس مسافروں پر کی جا رہی ہے اور بتدریج تمام مسافروں کے لیے دستیاب ہوگی۔


