واشنگٹن (لارڈ میڈیا): لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اسرائیل کے جنوبی لبنان سے مکمل انخلا کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی فوج کو پورے ملک میں اپنی عملداری قائم کرنی ہوگی اور تعمیر نو کا عمل ریاست کی نگرانی میں مکمل ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار صدر عون نے واشنگٹن میں لبنان کی سفیر ندا حمادہ معوض کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں امریکی کانگریس کے ارکان، ٹرمپ انتظامیہ کے حکام اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔
لبنانی ایوان صدر کے بیان کے مطابق صدر عون نے کہا کہ لبنان کا ماڈل نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے لیے اہم ہے، کیونکہ یہ مختلف مذاہب اور طبقات کے درمیان بقائے باہمی پر قائم ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اگر وہ حزب اللہ کے ہتھیاروں کا مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے تو اسرائیلی قبضہ ختم ہونا چاہیے اور لبنانی فوج کو مکمل اختیار ملنا چاہیے۔


