تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا ہے اور ایران کبھی جھکنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جن میں ایرانی تیل کی برآمد پر پابندیاں، مزید حملوں کی دھمکیاں اور آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ تیل برآمدات پر پابندی سے استثنیٰ ختم کرنا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق امریکی فوجی کارروائیاں معاہدے کے آرٹیکل 1 اور 2 سے متصادم ہیں جبکہ لبنان میں اسرائیلی اقدامات کی امریکی حمایت بھی معاہدے سے انحراف ہے۔
کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ ایران امریکا کو ان خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے اور قومی مفادات و سلامتی کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے گا۔ ایران نے امریکا سے معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔


