لوزان (لارڈ میڈیا): بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے روسی اولمپک کمیٹی پر اکتوبر 2023 سے عائد معطلی عارضی طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئی او سی نے کہا ہے کہ روسی اولمپک کمیٹی نے یوکرین کے زیرِاختیار علاقوں کی تنظیموں کی آزاد حیثیت کو تسلیم کیا ہے۔
لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے کوالیفائنگ مرحلے کے آغاز پر روسی کھلاڑیوں کی واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، تاہم سخت اینٹی ڈوپنگ شرائط برقرار رہیں گی۔ روسی کھلاڑیوں کی واپسی سے قبل متعدد ڈوپ ٹیسٹ اور انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے نگرانی پروگرام کا حصہ بننا لازمی ہوگا۔
آئی او سی کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے خلاف مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے اور یوکرین سے یکجہتی برقرار رہے گی۔ اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ روس میں بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد، روسی پرچم اور قومی ترانے سے متعلق فیصلہ متعلقہ عالمی فیڈریشنز کریں گی۔
آئی او سی نے مزید کہا ہے کہ روسی اولمپک کمیٹی کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں دوبارہ کارروائی ہو سکتی ہے۔


