پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی ارکان کو منانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں ہیں، ناراض ارکان نے صرف بیرسٹر گوہر سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پیر کے روز اسمبلی اجلاس سے قبل پشاور میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ناراض ارکان نے کہا ہے کہ مرکزی اور صوبائی شخصیات کی جانب سے کوششوں کے باوجود وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور کسی کمیٹی یا شخصیت سے ملاقات کرنے کے بجائے صرف مرکزی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے بات چیت کریں گے۔
ناراض رکن نے بتایا کہ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی تاریخ کا اعلان ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کی بہنیں ہر منگل اڈیالہ جیل کے سامنے موجود ہوتی ہیں، اور اب ورکرز سوال کر رہے ہیں کہ تحریک کا اعلان کب کیا جائے گا۔
ناراض رکن نے مزید کہا کہ عید سے قبل اسمبلی میں اسپیکر نے مشاورت کے بعد ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اس کے بعد اسپیکر نے بھی رابطہ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ یا کسی اور شخصیت سے بات چیت کے بجائے اب صرف بیرسٹر گوہر سے ہی بات ہوگی۔


