بیرونِ ملک پاکستانیوں نے ملکی معیشت پر اعتماد کرتے ہوئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اپریل 2026ء تک 12 ارب 74کروڑ 70لاکھ ڈالر جمع کروائے۔
سٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سکیم مسلسل سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 2ارب 5کروڑ 60 لاکھ ڈالر بیرون ملک واپس منتقل کئے گئے، جبکہ 8ارب 14کروڑ 70لاکھ ڈالر مقامی سطح پر مختلف شعبوں میں استعمال ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2020ء سے اپریل 2026ء تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی خالص سرمایہ کاری ایک ارب 83کروڑ 30لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کاری شعبے میں اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سب سے زیادہ مقبول رہے، جن میں 1ارب 15کروڑ 50لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، جبکہ کنونشنل نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 55کروڑ 50لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، علاوہ ازیں روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ کے ذریعے 12کروڑ 30لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔


