ہومپاکستانوزیراعظم کی گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں آسان خدمت مراکز جلد...

وزیراعظم کی گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں آسان خدمت مراکز جلد قائم کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں آسان خدمت مراکز جلد قائم، آئی ٹی شعبے میں شہری و دیہی علاقوں کے درمیان فرق کم کرنے کیلئے صوبائی و ضلعی سطح پر حکومتوں کا تعاون حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جانا چاہئے۔

پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں آئی ٹی کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور ڈیجیٹل سہولیات کی توسیع سے متعلق مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو ملک میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2024ء میں 1.9ملین سے بڑھ کر 2026ء میں 5.10ملین ہو گئی ہے، رواں مالی سال پاکستان سے 4.5سے 4.6بلین امریکی ڈالرز کی آئی ٹی برآمدات متوقع ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ حال ہی میں پاکستان میں 5 جی سروسز کیلئے نیلامی کی جو اس حوالے سے 2016ء کے بعد دنیا کی سب سے بڑی نیلامی تھی، جس سے پاکستان کو 509ملین امریکی ڈالرز کا ریونیو حاصل ہوا۔

مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ فروری 2025ء میں انڈس اے آئی ویک کا انعقاد کیا گیا جس کے تحت 30شہروں میں تقریبات ہوئیں۔

بریفنگ کے مطابق انڈس اے آئی ویک میں 100سے زائد بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی جبکہ 88 پولینز بھی بنائے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے سرکاری سکولوں اور ہیلتھ یونٹس کو فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کر دی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں فری انٹرنیٹ ہاٹ سپاٹس کی فراہمی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اس کے علاوہ سید پور ماڈل ویلج اور فاطمہ جناح پارک میں ای لرننگ پاڈز نصب کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جانا چاہئے۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

انہوں نے آئی ٹی شعبے میں شہری و دیہی علاقوں کے درمیان فرق کم کرنے کیلئے صوبائی اور ضلعی سطح پر حکومتوں کا تعاون حاصل کرنے کا حکم دیا ۔

Authors

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں