وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام و پائیدار ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کی مضبوطی ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی شعبے میں اصلاحات جاری، سولر، ونڈ و ہائیڈرو پاور کے ذریعے توانائی حصول پر توجہ دے رہے ہیں، مالیاتی نظم و ضبط ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت آگے بڑھ رہی ہے، خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ، ملکی ترقی کیلئے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا۔
اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی توجہ کرنٹ اکائونٹ اور مالی خسارے کو کنٹرول کرنے پر مرکوز ہے، معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کیساتھ تعاون کو مزید فروغ دے کر مالیاتی نظام کو مستحکم بنانا چاہتی ہے، توانائی شعبے میں اصلاحات جاری ہیں، سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کے ذریعے توانائی کے حصول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،حکومت اقتصادی استحکام اور نجی شعبے کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے ،چیلنجز کے باوجود پاکستان سٹاک مارکیٹ نے استحکام کا مظاہرہ کیا ہے، علاقائی کشیدگی پاکستان کیلئے اہم سبق ہے کہ کیسے معیشت کو بیرونی جھٹکوں سے محفوظ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی وقت کی ضرورت ہے ،اپنی ضروریات کیلئے خود انحصاری ناگزیر ہو چکی ہے، کمرشل فیصلے آزادانہ اور قومی مفاد کے مطابق کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے، سٹاک اور کیپٹل مارکیٹ خود انحصاری کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کیلئے داخلی وسائل پر انحصار بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ملکی ترقی کیلئے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا، سرمایہ کاروں کو اپنے ہی ملک میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا ضروری ہے، نجی شعبے کی شمولیت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر محتاط اور متوازن حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعا ہے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع جلد ختم ہو تاکہ عالمی معیشت پر منفی اثرات کم کئے جا سکیں۔


