قومی کرکٹر بابر اعظم نے ایک پی ایس ایل سیزن میں سب سے زیادہ 588رنز بناکر فخر زمان کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے 2022میں 13اننگز میں 588رنز بنائے تھے، بابراعظم نے یہ اعزاز حاصل کرنے کیلئے محض 10اننگز کھیلیں اور فائنل میچ میں وہ صرف ایک رن بناکر بھی نیا ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 59گیندوں پر 12چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 103رنز رنز بنائے، وہ رواں ایڈیشن میں دوسری سنچری سکور کرنیوالے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
بابر اعظم لیگ میں چار سنچریاں بنانے کے ریکارڈ میں بھی عثمان خان کے ہم پلہ بن گئے ہیں،اگرچہ بابر اعظم اپنے پشاور زلمی کے ساتھی کوشال مینڈس سے رنز کی دوڑ میں آگے نکل آئے ہیں تاہم مینڈس بھی 541رنز کیساتھ ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ سے صرف 48رنز دور ہیں اور انکی فارم کو دیکھتے ہوئے یہ کارنامہ مشکل نہیں لگتا۔


