پاکستان اور نیوزی لینڈ نے روابط مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے کہ جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر نیوزی لینڈ کے ہم منصب کا شکر یہ ادا کیا ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم رائٹ آنریبل کرسٹوفر لیوکسان نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے خوشگوار مشرقِ وسطی کی بدلتی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔
وزیراعظم نے کرسٹوفر لیوکسان کو خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں اور روابط سے آگاہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے پاکستان کی تعمیری سفارتی کاوشوں، خصوصا واشنگٹن اور تہران کیساتھ روابط کو سراہا اور ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کرسٹوفر لیوکسان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے و دنیا میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان و نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔
گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی اور قریبی روابط میں رہنے پر اتفاق کیا۔


