بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنجے دت نے متنازع گانے ”سرکے چنر تیری سرکے” کے بول پر اٹھنے والے تنازع کے بعد باضابطہ معذرت کرلی ہے۔
نیشنل کمیشن برائے خواتین کے سامنے پیشی کے دوران اداکار نے نہ صرف اپنے موقف کی وضاحت کی بلکہ سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔
سنجے دت کمیشن کے جاری کردہ سمن پر پیش ہوئے جس میں گانے میں مبینہ فحش اور نازیبا مواد پران سے وضاحت طلب کی گئی۔
سماعت کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں گانے کے بول، ترجمے یا اسکی حتمی پیشکش کے حوالے سے پہلے سے کوئی تفصیلی علم نہیں تھا کیونکہ انکا کردار صرف ایک پیشہ ور اداکار کے طور پر معاہدہ کے مطابق پرفارم کرنے تک محدود تھا۔
اداکار نے کمیشن کے سامنے خواتین کے احترام، معاشرتی اقدار اور سماجی حساسیت کا اظہار کرتے ہوئے مخلصانہ معافی مانگی اور کہا کہ وہ کسی بھی ایسے مواد کی حمایت نہیں کرتے جو خواتین یا کسی بھی طبقے کیلئے نامناسب ہو۔
سنجے دت نے اعلان کیا کہ وہ مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50بچیوں کے ایک سالہ تعلیمی اخراجات برداشت کرینگے، تین ماہ کے اندر عملدرآمد رپورٹ بھی کمیشن میں جمع کرائی جائیگی۔


