اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے باعث غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل ٹریفک پلان جاری کرنے کیساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر قسم کی پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ بھی تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رکھا جائیگا، سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کو روکا جا سکتا ہے، اسلام آباد میں کسی بھی سمت سے آنیوالی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں میں شہر کا رخ نہ کریں، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ کو تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا ہے، شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل ٹریفک پلان کے تحت جی-5، جی-6، جی7، ایف 6 اور ایف7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کیلئے مارگلہ روڈ سے 9thایونیو استعمال کرینگے جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانیوالی ٹریفک کو بھی 9thایونیو کی طرف موڑ دیا جائیگا۔
زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9thایونیو کے ذریعے سٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال جا سکیں گے جبکہ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے پر ٹریفک کو ترامڑی چوک کی طرف موڑ دیا جائیگا، انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات کے مطابق مزید فیصلے کئے جائینگے۔
راولپنڈی میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات نافذ کر دئیے گئے ہیں اور قسم کی پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ تاحکم ثانی معطل رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اڈے، گڈز ٹرانسپورٹ، پرائیویٹ رینٹ اے کار سروسز بھی تاحکم ثانی بند رہیں گی جبکہ وی وی آئی پی روٹس پر آنیوالی مارکیٹیں، گلیاں، مری روڈ، فیض آباد، کمرشل مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز بھی مخصوص اوقات میں بند رکھے جا رہے ہیں، روٹ پر واقع شادی ہالز کو بھی بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کے احکامات پر راولپنڈی پولیس کے 10ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں جبکہ 600سے زائد خصوصی پکٹس قائم کر کے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر کوئیک رسپانس یونٹس گشت پر مامور ہیں جبکہ تربیت یافتہ سنائپرز اور ایلیٹ کمانڈوز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں، شہر بھر میں سرچ، سویپ و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق حساس تنصیبات، اہم سرکاری و نجی مقامات اور قیام گاہوں کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
سید خالد محمود ہمدانی نے کہا ہے کہ فول پروف سکیورٹی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


