نان ننگ (شِنہوا) چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے کہا ہے کہ چین۔آسیان آزاد تجارتی علاقے (سی اے ایف ٹی اے) کو اپ گریڈ کرنے کے لئے 3.0 پروٹوکول کے نافذ ہونے سے خطے کی اقتصادی ترقی کو دیرپا تقویت ملے گی۔ انہوں نے چین۔آسیان آزاد تجارتی علاقے کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔
ڈنگ شوئے شیانگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے یہ بات گوانگ شی ژوانگ خود مختار علاقے کے دارالحکومت نان ننگ میں 23ویں چین۔آسیان ایکسپو اور چین۔آسیان کاروباری و سرمایہ کاری سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈنگ شوئے شیانگ نے کہا کہ تمام فریق خطے میں وسعت کو جامع انداز میں فروغ دیں، مزید مضبوط تعاون کے ڈھانچے اور ادارہ جاتی انتظامات وضع کرنے کے طریقے تلاش کریں، معیار اور تکنیکی ضوابط کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنائیں اور ایسے مربوط علاقائی منڈی کے قیام کی رفتار تیز کریں جو وسیع، جامع اور قواعد پر مبنی ہو۔
تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چین اور آسیان کے رکن ممالک کو بین الاقوامی تجارت اور معیشت میں درپیش مسائل سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے عزم اور اعتماد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ خطے اور اس سے باہر صنعتی اور ترسیلی سلسلوں کے مستحکم اور ہموار نظام کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ خطے میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں، مصنوعی ذہانت (اے آئی) سمیت مختلف شعبوں میں عملی استعمال کے لئے تعاون کو مزید وسعت دیں اور ماحول دوست اشیاء و خدمات کی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔
انہوں نے تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کی کہ رابطوں کو مزید آسان اور موثر بنایا جائے، ریلوے، شاہراہوں، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت بنیادی شہری سہولتوں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے، سرحد پار نقل وحمل میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور نئے بین الاقوامی زمینی و بحری تجارتی راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھایا جائے۔
میانمار کے نائب صدر یو نیو ساؤ، ویتنام کے قائم مقام نائب وزیراعظم فام جیا ٹوک، لاؤس کے نائب وزیراعظم سیلومکسے کوماسیتھ اور آسیان کے سیکرٹری جنرل کاؤ کم ہورن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
ڈنگ شوئے شیانگ نے بدھ کی سہ پہر میانمار، ویتنام اور لاؤس کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔


