مظفرآباد (لارڈ میڈیا): آزاد جموں و کشمیر میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے اعلان کیا کہ صدارتی امیدوار 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔
کاغذات کی جانچ پڑتال بھی 19 ستمبر کو ہوگی۔ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11:30 بجے تک نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر صدارتی انتخاب کے ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دیں گے۔ پولنگ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی اور فوراً بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہو جائے گی۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر سے درخواست کی ہے کہ 24 ستمبر کو قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔


