مصر کے ایک عجائب گھر میں چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ہانگ ژو کی روایتی دستکاری کے فن پر مبنی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ منتظمین نے بدھ کے روز بتایا کہ نمائش سے دونوں قدیم تہذیبوں کے درمیان ثقافتی مماثلتوں کو جاننے کا موقع فراہم کیا۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں واقع مصری تہذیب کے قومی عجائب گھر میں ’’ہانگ ژو روایتی دستکاری کی جدت کی نمائش، مصر‘‘ کے عنوان سے اس ایونٹ کا انعقاد چین اور مصر کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔
نمائش میں چین کے مہر تراشی اور کاغذ کی کٹائی کے فنون سمیت مختلف روایتی دستکاریوں کے نمائندہ فن پارے پیش کئے گئے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (عربی): نجویٰ بکر، منیجر، ٹریننگ ایڈمنسٹریشن، این ایم ای سی
’’جب ہم کسی دوسری ثقافت پر مبنی نمائش کا انعقاد کرتے ہیں تو ترجیحی طور پر ایسے عناصر کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو مصری ثقافت سے ہم آہنگ ہوں تاکہ مصری زائرین مشترکہ انسانی تجربات اور دونوں ثقافتوں میں موجود مشترکہ پہلوؤں کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔
اس نمائش کا تصور جس میں ثقافتی ورثے کے ساتھ جدت اور کاروباری جذبے کو یکجا کیا گیا ہے میری توجہ کا مرکز بنا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری دونوں عظیم تہذیبوں کے درمیان مماثلتوں نے بھی مجھے بے حد متاثر کیا۔‘‘
ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی): لیونارڈ نوربرگ، منیجر، مہمان
’’میں چھٹیاں گزارنے یہاں آیا تھا۔ اچانک مجھے چینی اور مصری ثقافت کے امتزاج پر مبنی یہ شاندار نمائش دیکھنے کو ملی۔ میرے خیال میں یہ بہت خوبصورت تقریب ہے۔ یہ دو انتہائی قدیم اور منفرد تہذیبوں کا ایسا امتزاج ہے جو واقعی بہت دلچسپ ہے۔ دونوں ثقافتوں کے اس امتزاج میں ایک دلکشی موجود ہے۔ مثال کے طور پر یہ مہریں دونوں ثقافتوں کو یکجا کرتی ہیں۔ میرے خیال میں یہ دنیا بھر میں چینی ثقافت کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کی علامت ہیں۔‘‘
تین روزہ یہ نمائش جمعرات تک جاری رہی۔
قاہرہ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


