اولان باتور (شِنہوا) منگولیا کے صدر اوخنا خورلیسوخ نے کہا ہے کہ مغربی صوبہ خوود میں واقع ایردین بورین ہائیڈرو پاور پلانٹ منگولیا اور چین کے درمیان عملی تعاون کا ایک اہم ثمر ہے۔
خورلیسوخ کو تعمیراتی مقام کے معائنے کے دوران منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ خورلیسوخ نے کہا کہ منگولیا اس منصوبے کو توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں چین کے ساتھ عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے ایک موقع کے طور پر استعمال کرے گا۔
منگولیا کے صدر نے چینی فریق کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد اور تعمیراتی انتظام کو سراہا اور منصوبے کے لئے چینی حکومت کی مضبوط حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
منگولیا میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور کاؤ لی نے کہا کہ چین منگولیا کے ساتھ مل کر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد، تزویراتی باہمی اعتماد کو مستحکم، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور پن بجلی کے اس منصوبے کو اعلیٰ معیار کے ایک مثالی منصوبے میں تبدیل کرنے کے لئے تیار ہے، جو گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کو منگولیا کے ’’وژن 2050‘‘ ترقیاتی منصوبے کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ کرے۔
چائنہ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا یہ پلانٹ اس وقت منگولیا کا سب سے بڑا قومی سطح کا اہم عوامی فلاحی پن بجلی منصوبہ ہے۔
90 میگاواٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت کے حامل اس منصوبے کے مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد منگولیا کے پانچ مغربی صوبوں کو بجلی کی مستحکم فراہمی یقینی بنانے اور خطے کی توانائی میں خود کفالت کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اس سے مقامی زرعی آبپاشی کے نظام میں بھی بہتری، ثقافتی سیاحت اور ماہی گیری کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ و جامع ماحولیاتی انتظام میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔


