بیجنگ (شِنہوا) چین نے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے میں 7 شدت کے زلزلے کے بعد ہنگامی امداد کے لئے 5 کروڑ یوآن (تقریباً 75 لاکھ امریکی ڈالر) جاری کر دیئے جبکہ بحالی کی کوششوں کے لئے مزید 3 کروڑ یوآن مختص کئے گئے ہیں۔
زلزلہ جمعرات کی رات 10 بج کر 33 منٹ پر ناگ چھو شہر کی باچھین کاؤنٹی میں آیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 76 زخمی ہو گئے۔
مالیات اور ہنگامی انتظام کی وزارتوں نے مشترکہ طور پر 5 کروڑ یوآن جاری کئے تاکہ امدادی کارروائیوں میں معاونت اور متاثرہ شہریوں کی مدد کی جا سکے جبکہ قومی ترقی و اصلاحات کمیشن نے مرکزی بجٹ سے مزید 3 کروڑ یوآن مختص کئے تاکہ متاثرہ بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کی سہولیات کی بحالی میں مدد مل سکے۔
ملک نے زلزلے سے نمٹنے کے لئے قومی ہنگامی ردعمل کی سطح بھی چوتھے درجے سے بڑھا کر تیسرے درجے پر کر دی ہے، جبکہ امدادی کارروائیوں کے لئے الگ سے چوتھے درجے کی قومی ہنگامی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
چین کی قومی جامع فائر اینڈ ریسکیو فورس نے امدادی کارروائیوں کے لئے کل 350 امدادی اہلکار اور 83 گاڑیاں روانہ کی ہیں۔ ہنگامی خدمات کی وزارت نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کا معائنہ کرنے کے لئے ونگ لونگ ڈرون کی تعیناتی کے حوالے سے شی زانگ کے ہنگامی شعبے کی رہنمائی کی ہے۔
جمعہ کی صبح ساڑھے چھ بجے تک 120 امدادی اہلکار اور 27 گاڑیاں زلزلے سے متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی تھیں جبکہ شی زانگ فائر اینڈ ریسکیو کور کے باقی 230 امدادی اہلکاروں اور 56 گاڑیوں پر مشتمل اضافی کمک ناگ چھو کی انتظامی حدود میں داخل ہو چکی تھی۔


