ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کزن رمیش بشنوئی نے ایک بار پھر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمیش بشنوئی نے ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد آئی اے این ایس سے گفتگو کی۔
رمیش بشنوئی کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو بھی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم یہ بات ذاتی حیثیت میں نہیں بلکہ گینگ کے مؤقف کے طور پر بیان کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لارنس بشنوئی کی سلمان خان سے ذاتی دشمنی نہیں، بلکہ بشنوئی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے کا مسئلہ ہے۔
رمیش کے مطابق سلمان خان کو برادری سے معافی مانگ کر معاملہ ختم کرنے کا موقع دیا گیا تھا لیکن اداکار نے ایسا نہیں کیا۔ واضح رہے کہ سلمان خان اور بشنوئی گینگ کے درمیان تنازع 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے سے منسلک ہے۔
دوسری جانب ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔


