واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی انتخابات میں وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی باضابطہ حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں نیتن یاہو کو عظیم جنگجو وزیراعظم اور امن کا شراکت دار قرار دیا اور ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے پر سراہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے سخت مخالفت کے باوجود مضبوطی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل میں نیتن یاہو کے علاوہ کوئی اور رہنما منتخب ہوا تو امریکا کو ایران کے خلاف کارروائی مکمل کرنا پڑے گی، جس کے لیے وہ آمادہ نہیں ہیں۔
ایران کے نعروں ‘اسرائیل مردہ باد، امریکا مردہ باد’ کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایسے بیانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران نے اپنا طرز عمل تیزی سے تبدیل نہ کیا تو امریکا جلد اپنا کام مکمل کرے گا۔
امریکی صدر نے اسرائیلی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو نیتن یاہو کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے مکمل اور بھرپور حمایت سمجھا جائے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کی حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ کو 27 اکتوبر کے قومی انتخابات میں کتنا فائدہ پہنچے گا۔ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات کے باعث اسرائیل میں ٹرمپ کے لیے عوامی حمایت میں کمی آئی ہے، ایسے میں ان کی جانب سے نیتن یاہو کی کھل کر حمایت اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔


