اسلام آباد (لارڈ میڈیا) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان آج ملاقات طے پا گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں لانگ مارچ سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر گفتگو ہوگی۔ بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے گرفتار اراکین اور مزید گرفتاریوں سے متعلق ممبران کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر اور ایاز صادق کے درمیان گزشتہ روز فون پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔ بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسپیکر سے ٹیلیفونک رابطہ کل ہوگیا تھا، تاہم آج ملاقات ممکن نہیں ہے کیونکہ اسپیکر قومی اسمبلی کل دستیاب نہیں تھے اور آج میں مصروف ہوں۔
انہوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ ہمارا سیاسی اور پرامن فیصلہ ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ہی رہیں گے، اور ایم پی ایز اپنی سی ویز جیب میں رکھیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ شوکت یوسفزئی نے مجھے واٹس ایپ پر خط بھیجا، یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے اور ہم ان کی رائے کی قدر کرتے ہیں۔ پارٹی میں شوکت یوسفزئی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے اور وہ ابھی بھی صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں۔


