دبئی (لارڈ میڈیا) متحدہ عرب امارات نے ایرانی ایئرلائنز کی تمام پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی ہیں۔ اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ پروازوں کی معطلی جمعرات سے نافذ العمل ہوگی اور معمول کی فضائی آمدورفت بحال ہونے تک جاری رہے گی۔
اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ امریکا کی جانب سے ایرانی ایئرلائنز کو دنیا بھر کے ہوائی اڈوں تک رسائی پر عائد پابندیوں کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ فضائی آمدورفت معمول پر آنے تک صورتحال پر نظر رکھی جائے گی اور عوام کو پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایرانی ایئرلائنز کے خلاف نئی ثانوی پابندیاں نافذ کی ہیں تاکہ ایرانی سول ایوی ایشن کے عالمی آپریشنز کو محدود کیا جا سکے۔ امریکی اقدامات کے تحت غیر ملکی ہوائی اڈوں اور کمپنیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے ایرانی ایئرلائنز کو خدمات فراہم کیں تو انہیں سخت مالی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران نے امریکی پابندیوں کو مسترد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات اقتصادی دباؤ بڑھانے کی امریکی مہم کا حصہ ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر پڑوسی ممالک امریکی پابندیوں کی تعمیل کرتے ہیں تو ایران کی جانب سے جوابی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
ایرانی ایئرلائنز پر پابندیوں کے اثرات خطے کے دیگر ممالک میں بھی سامنے آ رہے ہیں۔ جارجیا اور آذربائیجان نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کردی ہیں، تاہم چین اور ترکیہ کے لئے کچھ پروازیں جاری ہیں۔


