پشاور (لارڈ میڈیا) خیبرپختونخوا مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 کے اہم نکات سامنے آگئے ہیں۔ اس ایکٹ کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا کی تعیناتی کا اعلامیہ صوبائی حکومت جاری کرے گی۔ اگر آئی جی کی کارکردگی صوبائی حکومت کو مطمئن نہ کرے تو ان کے تبادلے کے لیے وفاق سے مزید نام مانگے جا سکتے ہیں۔
مجوزہ ایکٹ کے مطابق آئی جی کی غیر موجودگی میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹر بطور آئی جی چارج سنبھالیں گے جبکہ ڈی ایس پیز اور اے ایس پیز کے تبادلے ہوم سیکریٹری کریں گے۔ ایس پی، ایس ایس پی اور ایڈیشنل آئی جی کے تبادلے وزیراعلیٰ کریں گے اور ان کی تعیناتی کا اعلامیہ محکمہ انتظامیہ جاری کرے گا۔
ایکٹ کے مطابق کسی قانونی معاملے میں پولیس اپنا جواب براہ راست جمع نہیں کرے گی بلکہ محکمۂ قانون اور اے جی آفس کی جانب سے منظور شدہ جواب پولیس جمع کرائے گی۔
محکمۂ پولیس کی تمام پوسٹنگز اور تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کو دیا جائے گا جبکہ پولیس پالیسی بورڈ کی صدارت آئی جی سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو منتقل کی جائے گی۔
پولیس کی تمام آپریشنل، انتظامی اور مالی پالیسیاں بنانے کا اختیار بھی اب وزیراعلیٰ کے پاس ہوگا اور انتظامی امور سے متعلق تمام پالیسیاں صوبائی حکومت کے احکامات کے تابع ہوں گی۔


