لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس وصولی کا نیا نظام نافذ ہوگیا ہے۔ اس نظام کے تحت گھروں اور کمرشل یونٹس سے رقبے اور حجم کے مطابق ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔ صفائی فیس کی وصولی کی ذمہ داری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر ستھرا پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عمر شیر چٹھہ نے دستخط کیے، جبکہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
نئے نظام کے تحت مالی سال 2026-27 میں پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق گھر گھر سروے، صفائی فیس کے بلوں کی پرنٹنگ اور شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کی گئی ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت رہائشی گھروں سے ماہانہ صفائی فیس رقبے کے حساب سے وصول کی جائے گی۔ 5 مرلہ تک کے گھر سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک ایک ہزار روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2 ہزار روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5 ہزار روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔
کمرشل یونٹس بھی صفائی فیس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔ چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے درجے کے یونٹس سے ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3 ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
صفائی فیس کی وصولی کی خدمات کے عوض ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔ حکام کے مطابق اس نئے نظام سے پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کو منظم کیا جائے گا۔


