تیانجن (شِنہوا) ایئربس نے بدھ کے روز چین کے شمالی ساحلی شہر تیانجن میں اے 320 طیاروں کی نئی حتمی پیداواری لائن (ایف اے ایل) پر تیار کیا گیا پہلا طیارہ حوالے کر دیا۔ یہ چین اور ایشیا میں ایئربس کی اس نوعیت کی دوسری پیداواری لائن ہے۔
کمپنی کے مطابق اس طیارے کی فراہمی چین اور دنیا بھر میں ایئربس کے صنعتی نیٹ ورک کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز نے اے 320-نیو طیارہ حاصل کر لیا ہے۔ چینی مین لینڈ میں اس وقت ایئر بس کے طیاروں کا سب سے بڑا بیڑا رکھنے والی اس ایئرلائن نے 1985 میں اے 310 طیارہ حاصل کیا تھا جو چین کا پہلا ایئربس طیارہ تھا۔
ایئر بس کے کمرشل ایئر کرافٹ بزنس کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے پروگرامز اینڈ سروسز فلپ میون نے کہا کہ اس طیارے کی فراہمی چینی شراکت داروں کے ساتھ ایئر بس کے طویل مدتی عزم اور چین کی سول ایوی ایشن مارکیٹ میں مسلسل ترقی پر ہمارے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
میون نے مزید کہا کہ چین میں دوسری حتمی پیداواری لائن، جس نے گزشتہ سال اکتوبر میں کام شروع کیا تھا، عالمی سطح پر اے 320 طیاروں کی پیداوار بڑھانے کے ایئر بس کے منصوبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ماہانہ 75 طیارے تیار کرنے کا ہدف ہے۔ نئی پیداواری لائن منڈی کی مضبوط طلب کو پورا کرنے کے لئے ضروری اضافی گنجائش اور پیداواری لچک بھی فراہم کرتی ہے۔


