بیجنگ (شِنہوا) خدمات کی تجارت کا بین الاقوامی چینی میلہ (سی آئی ایف ٹی آئی ایس) 2026 بیجنگ میں شروع ہو گیا۔ چین 15ویں 5 سالہ منصوبے (2026 تا 2030) کے آغاز پر خدمات کی تجارت میں مزید بڑے پیمانے پر وسعت کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کر رہا ہے۔
یہ میلہ 13 ستمبر تک شوگانگ پارک میں جاری رہے گا جو ایک سابق صنعتی مقام اور بیجنگ سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے مقامات میں شامل تھا۔ میلے میں 90 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شریک ہیں جبکہ ایک ہزار 800 سے زائد کمپنیاں موقع پر نمائش کر رہی ہیں۔ ان میں 473 فارچون گلوبل 500 کمپنیاں اور دیگر صنعتی شعبوں کی سرکردہ کمپنیاں شامل ہیں جن میں ہنی ویل، جانسن اینڈ جانسن اور سیمنز بھی شامل ہیں۔
اس سال سی آئی ایف ٹی آئی ایس کا موضوع’’عالمی خدمات، مشترکہ خوشحالی‘‘ہے۔ میلے میں پہلی مرتبہ عالمی ادارہ برائے تخلیقی ملکیت کی مشترکہ میزبانی میں خدمات کی تجارت کا عالمی سربراہی اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے۔ میلے کے دوران متعدد فورمز اور کاروباری روابط قائم کرنے کی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔
سربراہی اجلاس کے دوران زمبابوے کے نائب صدر کانسٹان ٹینو چیونگا نے کہا کہ سی آئی ایف ٹی آئی ایس سے کانفرنسز، نمائشوں، بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل خدمات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ زمبابوے کو خدمات کی تجارت کے مواقع تلاش کرنے، برآمدی صلاحیت بڑھانے اور ٹیکنالوجی، مالیات، سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل اعتماد شراکت دار تلاش کرنے میں مدد دے گا۔
بلغاریہ کے نائب وزیراعظم اور وزیر معیشت، سرمایہ کاری و صنعت الیگزینڈر پاؤلیف نے سربراہی اجلاس میں کہا کہ خدمات کی تجارت چین اور بلغاریہ کے تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ہم چاہتے ہیں کہ بلغاریہ کی مزید مصنوعات چینی منڈی تک پہنچیں اور بلغاریہ کی مزید کمپنیاں چینی کاروباری اداروں کے ساتھ طویل مدتی شراکت داریاں قائم کریں۔‘‘
میلے میں معلومات و مواصلات، فن ٹیک اور ڈیجیٹل و سمارٹ صحت کی دیکھ بھال سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 100 سے زائد نئی مصنوعات اور خدمات پہلی مرتبہ متعارف کرائی جائیں گی۔
ایک اور نمایاں خصوصیت بیرون ملک توسیع کے لئے خدمات کا نیا روڈ شو ہے جہاں چینی کمپنیوں کو غیر ملکی منڈیوں میں داخل ہونے اور چینی خدمات کے عالمی دائرہ کار کو وسعت دینے کے لئے ایک ہی جگہ پر پیشہ ورانہ معاونت فراہم کی جائے گی۔
مرکزی نمائشی علاقے میں خدمات کی تجارت کی تمام 12 اقسام پر مشتمل 140 سے زائد جدید اشیاء کی نمائش بھی پہلی مرتبہ کی جا رہی ہے۔ ان میں مصنوعی ذہانت، بڑے لسانی ماڈلز اور ذہین ایجنٹس شامل ہیں جو اس بات کی جھلک پیش کرتے ہیں کہ چین کی خدمات کا شعبہ مستقبل میں کس سمت آگے بڑھ رہا ہے۔


