ہومتازہ ترینبھارت میں ہندی میڈیم انجینیئرنگ پر انعامی اسکیم متعارف

بھارت میں ہندی میڈیم انجینیئرنگ پر انعامی اسکیم متعارف

بھارت (لارڈ میڈیا): بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش نے قومی زبان کے فروغ اور تکنیکی تعلیم کو عام فہم بنانے کے لیے انوکھی اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت ہندی زبان میں انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو لاکھوں روپے انعام دیے جائیں گے۔

مدھیہ پردیش کی وزارت تعلیم نے یہ اقدام اٹھایا ہے اور ریاست کے شہر اندور کی شری جی ایس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس اس پر عمل کرنے والی پہلی جامعہ بن گئی ہے۔ جامعہ نے بیچلر آف ٹیکنالوجی کے تعلیمی سیشن سے سول انجینئرنگ ہندی میں پڑھانے کا آغاز کردیا ہے۔

مدھیہ پردیش حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بی ٹیک ہندی میڈیم کے خصوصی بیچ میں داخلہ لینے اور فائنل ایئر تک تعلیم جاری رکھنے والے طلبا کو 2 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی زبان میں انجینیئرنگ کی تعلیم کو عام کرنا اور سیشن کے دوران کورس چھوڑنے کی شرح کو کم کرنا ہے۔ ہندی میڈیم بیچ کے لیے 30 نشستیں مختص کی گئی ہیں جن میں سے 20 طلبا پہلے ہی داخلہ لے چکے ہیں۔

یہ اقدام بھارت کی نئی قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق اٹھایا گیا ہے تاکہ ان طلبا کو موقع مل سکے جو انگریزی زبان پر عبور نہ ہونے کی وجہ سے انجینئرنگ کی تعلیم سے محروم رہ جاتے تھے۔

جامعہ کے ترجمان نے بتایا کہ انجینیئرنگ کے پیچیدہ مضامین کو ہندی میں منتقل کرنے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم نے چار سال محنت کی۔ انگریزی نصابی کتب اور سائنسی اصطلاحات کا ہندی میں ترجمہ کیا گیا اور مکمل کورس کو قومی زبان میں ڈھالا گیا۔

ادارے نے اس بات کا بھی خیال رکھا کہ طلبا عالمی سطح پر پیچھے نہ رہ جائیں، لہذا ہندی میں پڑھانے کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان کی بنیادی تعلیم اور مہارت بھی سکھائی جائیں گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں