اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ 14 اگست کو آزادی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آزادی کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے مسلح افواج اور دیگر اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور تنازعات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا چاہیئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے قائدین اور کارکنان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا اور گزشتہ ڈھائی سال میں معیشت کو مستحکم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی دفاعی اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ متحد ہوکر ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔


