اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شیخ محمد بن سلمان کی دعوت پر سہ روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
وزیراعظم کے دورہ کے دوران سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور شراکت داری کو مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف عمرہ کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر حاضری بھی دیں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں سے جاری برادارنہ تعلقات، باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے اور خطے کی صورتحال کے قلیل مدتی اثرات کے پیش نظر ہو رہا ہے۔
دورہ دونوں ممالک کے مابین تزویراتی تعاون، باہمی تعلقات اور بین الاقوامی امور پر ہم آہنگی کو وسعت دے گا۔


