لاس اینجلس (لارڈ میڈیا) ہالی ووڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو اور ارب پتی کاروباری شخصیت جیف بیزوس نے دنیا بھر میں معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کے تحفظ کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کا نام ‘فینکس اسپیشیز پروجیکٹ’ رکھا گیا ہے، جس کا مقصد تقریباً 100 ایسی انواع کی بحالی اور تحفظ کے لیے کام کرنا ہے جنہیں فوری طور پر معدوم ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
اس منصوبے کے تحت 30 ممالک میں مختلف اقسام کے جانوروں، پرندوں، مچھلیوں، رینگنے والے جانوروں، حشرات اور پودوں کے تحفظ پر توجہ دی جائے گی۔ مقامی آبادیوں، مقامی و قدیم کمیونٹیز، سائنس دانوں اور ماہرینِ ماحولیات کو بھی شامل کیا جائے گا۔
منصوبے کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی رقم میں سے 10 کروڑ ڈالر بیزوس ارتھ فنڈ جبکہ مزید 10 کروڑ ڈالر ری والڈ کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے، جس کے شریک بانی لیونارڈو ڈی کیپریو ہیں۔ اس منصوبے کو دیگر فلاحی اداروں کی بھی حمایت حاصل ہے۔
لیونارڈو ڈی کیپریو نے کہا کہ معدومیت کے دہانے پر موجود انواع اکثر دنیا کے اہم ماحولیاتی نظام کا بنیادی حصہ ہوتی ہیں۔ ان کا تحفظ صرف جانوروں کو بچانے تک محدود نہیں بلکہ جنگلات، دلدلی علاقوں، گھاس کے میدانوں اور سمندروں کے تحفظ میں بھی مددگار ہے۔
فینکس اسپیشیز پروجیکٹ جن انواع پر توجہ دے گا، ان میں مڈغاسکر کا گولڈن کراؤنڈ سفاکا، آسٹریلیا کا نائٹ پیراٹ، بو ماؤتھ گٹارفش اور شمالی کیرولائنا میں پائی جانے والی ایک نایاب سبز سیلمانڈر شامل ہیں۔
منصوبے کے منتظمین کے مطابق صرف قلیل مدتی مالی امداد کے بجائے کئی برسوں تک مسلسل سرمایہ کاری اور تحفظ کی کوششوں پر توجہ دی جائے گی تاکہ ان انواع کی آبادی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔
خیال رہے کہ لیونارڈو ڈی کیپریو طویل عرصے سے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف آگاہی کے لیے کام کرتے رہے ہیں، جبکہ جیف بیزوس کا بیزوس ارتھ فنڈ بھی ماحول اور قدرتی نظام کے تحفظ کے مختلف منصوبوں کی حمایت کرتا ہے۔


