واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا نے اپنے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل پالیسی کا حصہ بنا دیا ہے لیکن پاکستان کو اس پروگرام سے استثنیٰ حاصل ہے، جس سے پاکستانی شہریوں کو امریکی وزیٹر ویزا کے لیے 20 ہزار ڈالر تک کی مالی ضمانت جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
2025 میں متعارف کردہ ویزا بانڈ پائلٹ پروگرام کے مطابق بعض ممالک کے شہریوں کو کاروباری یا سیاحتی ویزا کے لیے 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی مالی ضمانت جمع کرانا ہوگی۔ تاہم، پاکستان، بھارت، افغانستان اور ایران اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ پاکستانی شہری نئے ویزا بانڈ کی شرط کے بغیر موجودہ ویزا درخواست کے طریقہ کار کے مطابق درخواست دے سکیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ان ممالک کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جہاں ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام یا امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے واقعات زیادہ ہیں۔
پاکستان کا اس فہرست میں شامل نہ ہونا پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے مثبت پیش رفت ہے کیونکہ انہیں اضافی مالی ضمانت کی شرط پوری نہیں کرنی پڑے گی۔


