ہومUncategorized5 اگست کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حافظ نعیم

5 اگست کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حافظ نعیم

لاہور (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، جس سے مسئلہ کشمیر مزید پیچیدہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو سات برس مکمل ہو چکے ہیں، لیکن ان سے نہ تو تنازعہ کشمیر کی حیثیت تبدیل ہوئی اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم میں کوئی کمی آئی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مودی حکومت کا یہ اقدام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، جو بھارتی جمہوریت کے دعوے پر سوالیہ نشان ہے۔

کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل کے لیے بھی ایک کھلا چیلنج ہے، بھارت گزشتہ 78 برس سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مگر کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اپنی دلی وابستگی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کامیاب ہوگی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں