ہومBlogایران سے آبنائے ہرمز پر معاہدہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے، امریکا

ایران سے آبنائے ہرمز پر معاہدہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے، امریکا

واشنگٹن (لارڈ میڈیا) : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے مذاکرات کی تصدیق کے بعد ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، جس سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے کھولا جا سکتا ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ نے مزید بتایا کہ امریکی حکام ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ آج یا کل معاہدہ طے پا جائے گا، جس کے بعد آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت بحال ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کے بجائے آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران اور عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے مزید بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کے حوالے سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے محکمہ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔

ایران کی جانب سے اس دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ تہران نے پہلے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔ قطر نے بھی تصدیق کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطے جاری ہیں اور ممکنہ معاہدے کے مسودے مختلف فریقوں کے درمیان گردش کر رہے ہیں۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق قطر اور عمان دونوں ممالک کے درمیان تجاویز اور مسودوں کے تبادلے میں سہولت فراہم کر رہے ہیں تاکہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عمان کی ثالثی میں آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے ممکنہ معاہدے کو تیل کی سپلائی بحال ہونے کی امید سے جوڑا۔ اگر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو عالمی توانائی منڈیوں پر دباؤ کم ہوگا اور امریکا و ایران کے درمیان وسیع تر سفارتی مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں