کراچی (لارڈ میڈیا): حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کے چہلم کی مناسبت سے آج ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ہے۔ جلوس کی گزرگاہ کے راستے کنٹینر رکھ کر بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناعشری جی 6 میں ختم ہوا، جبکہ پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے جلوس برآمد ہوا۔ لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ اندرون دہلی گیٹ سے شروع ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم پر قائدآباد، گوالمنڈی اور بروری کے علاقوں میں آج موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ حیدرآباد میں چہلم کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور حیدرآباد، مٹیاری، دادو، سجاول، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ اور جھرک میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔


