راولپنڈی (لارڈ میڈیا): جڑواں شہروں میں مون سون کی شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ ملک کالونی کے ایک نالے میں 6 سالہ بچہ ڈوب گیا، جس کی تلاش کے لئے دھمیال کیمپ میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں 4 ایمرجنسی گاڑیاں اور 10 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
بارش کا پانی راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رہائشی علاقوں میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
رحیم آباد پل کے نیچے پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نالوں میں کچرا نہ پھینکیں اور کسی ہنگامی صورتحال میں واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


