راولپنڈی (لارڈ میڈیا): راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے جھنڈا چیچی میں پولیس اہلکار نے اپنی ضعیف والدہ پر وحشیانہ تشدد کیا۔ والدہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں پیش آیا جہاں مذکورہ اہلکار نے اپنی والدہ اور بھائی پر حملہ کیا۔
والدہ کی درخواست پر بتایا گیا کہ اہلکار فرخ منیر نے چابیاں گم ہونے پر شدید غصے میں آکر والدہ کو تھپڑ مارے اور ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔ ان کے بھائی کاشف نے انہیں بچانے کی کوشش کی۔
والدہ شمشاد بیگم کا کہنا ہے کہ فرخ منیر نے ان کے چہرے پر تھپڑ مارے اور چہرہ زخمی کر دیا۔ کاشف نے بمشکل ان کو بچایا اور ریسکیو 15 کو مطلع کیا۔
شمشاد بیگم نے مقدمہ میں بتایا کہ فرخ منیر پولیس میں حاضر سروس ہیں اور ان سے خطرہ لاحق ہے۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔


