لاہور (لارڈ میڈیا) : وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس کی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انہوں نے پنجاب ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیس افسران ملک کا فخر ہیں اور صوبے کی بیٹیاں ہونہار اور باہمت ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ لیڈی پولیس کیڈٹس نے اپنی تربیت کے دوران سخت محنت کی ہے اور ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور سے پنجاب کی بیٹیاں پولیس میں شامل ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس میں 6 ہزار سے زائد خواتین خدمات انجام دے رہی ہیں اور لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس بھی ایک خاتون ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب گورننس اور ترقی میں سب سے آگے ہے اور صوبے کی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پنجاب میں خواتین ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں اور صوبے کو بہنوں اور بیٹیوں کے لیے محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پنجاب خواتین کے لیے محفوظ جگہ ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ سیف سٹی کے باعث مجرموں کے پاس چھپنے کی جگہ نہیں۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ ہر تحصیل میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس پیشہ ورانہ انداز میں جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے اور صوبے میں آج جرائم کی شرح کم ترین سطح پر ہے۔
خواتین ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کر سکتی ہیں اور ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری مستقبل میں سود مند ثابت ہوگی۔


