مشیگن (لارڈ میڈیا): زمین کی سطح سے سینکڑوں فٹ نیچے چٹانوں اور پانی میں ایک پیچیدہ ماحولیاتی نظام دریافت ہوا ہے، جہاں فنگس اور دیگر ننھے جاندار موجود ہیں۔ یونیورسٹی آف مشیگن کی نئی تحقیق کے مطابق زیرِ زمین فنگس کی تعداد سائنس دانوں کے سابقہ اندازوں سے زیادہ ہے۔ یہ تحقیق آئی ایس ایم ای جرنل میں شائع ہوئی ہے۔
تحقیق کی قیادت یونیورسٹی کی ڈاکٹریٹ کی طالبہ کوئن مون نے کی جس میں ٹیم نے زمین سے تقریباً 1640 فٹ نیچے گیس کے کنوؤں سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونوں کا جائزہ لیا۔
سائنس دانوں نے جینیاتی تکنیکوں اور مائیکروسکوپی کی مدد سے فنگس کی 689 اقسام شناخت کیں جن میں 13 اقسام نئی دریافت ہوئیں۔
تحقیق میں ایک قطرے میں تقریباً 250 فنگل خلیے پائے گئے جبکہ اولمپک سائز کے سوئمنگ پول میں ان کی تعداد 12 ٹریلین سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ وہاں دیگر پیچیدہ جاندار بھی ملے جن میں ٹارڈی گریڈز اور ننھے جسم والے کیڑے شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ جاندار زیرِ زمین فوڈ ویب تشکیل دے رہے ہیں جہاں کچھ جاندار ایک دوسرے کو خوراک بناتے ہیں جبکہ کچھ ممکنہ طور پر طفیلی زندگی گزارتے ہیں۔


