خیبرپختونخوا (لارڈ میڈیا) خیبرپختونخوا کی 9 رکنی کوہ پیما ٹیم نے 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کرلی ہے۔ خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق یہ آٹھ روزہ دشوار گزار مہم 9 جولائی کو شروع ہوئی اور 17 جولائی کو اختتام پذیر ہوئی، جب ٹیم نے چوٹی پر قومی پرچم لہرایا۔
تھلو زوم ہندوکش پہاڑی سلسلے کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی چوٹیوں میں شامل ہے۔ کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، گلیشیئرز اور برفانی دراڑوں کو عبور کر کے یہ کامیابی حاصل کی۔
کوہ پیماؤں نے تقریباً آٹھ گھنٹے کی مسلسل چڑھائی کے بعد تھلو زوم کی چوٹی سر کی۔ مہم میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 9 کوہ پیما شریک تھے، جن میں روح اللہ، عمر خان، انتخاب خان، نعمان سمیع، عزت اللہ شاہ، سعید اختر، نعیم خان، فواد خان اور رواز علی شامل تھے۔
کوہ پیماؤں نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کی تکنیکی معاونت سے چوٹی سر کرنے میں مدد ملی۔ یہ کامیابی خیبر پختونخوا میں ٹیکنیکل ماؤنٹینئرنگ کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ تھلو زوم کو پہلی مرتبہ 1971 میں آسٹریلیا جبکہ 2019 میں اطالوی کوہ پیماؤں نے سر کیا تھا۔


