مظفرآباد (لارڈ میڈیا): پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ چڑھوئی کے گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ کے پولنگ اسٹیشن 15 سے 25 پر انتخابی عمل متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جو کہ تشویشناک ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن 15 سے 25 کی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور شفاف پولنگ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ کے پولنگ اسٹیشنز پر فوری اضافی سکیورٹی تعینات کی جائے اور ووٹرز کو بلا خوف و خطر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا مکمل موقع دیا جائے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوری اضافی سکیورٹی کی تعیناتی ضروری ہے اور انتخابی عمل میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ انتخابی عمل کو ہر صورت غیر جانبدار اور پرامن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی عوامی اعتماد کی ضمانت ہیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔


