لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لاہور سمیت متعدد شہروں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں 263 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 286 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 278 ملی میٹر اور نارووال میں 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ انبارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔
دریائے راوی کے ہیڈ بلوکی پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جہاں پانی کی آمد 84 ہزار 515 کیوسک اور اخراج 61 ہزار 315 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔


