نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بالی وڈ کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی میں پولیس کی جانب سے طلبہ پر لاٹھی چارج کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نصیر الدین شاہ نے اپنے بیان میں دہلی پولیس کے اہلکاروں کو امریکی آئی سی ای ایجنٹس سے تشبیہ دی۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں نصیر الدین شاہ نے کہا کہ اگر کسی جاہل کو ملک کی رہنمائی دی جائے تو وہ چاہے گا کہ ملک کے لوگ بھی ناسمجھ اور بے رحم بن جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کو دیکھ کر غصے سے کھول رہے ہیں، اور پولیس اہلکار ان کو امریکہ کے آئی سی ای کی یاد دلاتے ہیں۔
نصیر الدین شاہ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمت نہ ہاریں، بہت سے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے حکومت کو تنبیہ کی کہ سب یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی نے وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے پر پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔


