کوئٹہ (لارڈ میڈیا): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، 48 گھنٹوں کے دوران ان کارروائیوں میں دو خواتین خودکش بمباروں سمیت دہشت گردوں کے سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ ضلع سوراب میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ مستونگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ مزید کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔


