شنگھائی (لارڈ میڈیا) آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی دنیا میں ایک نیا انقلاب آ رہا ہے جہاں پاکٹ سائز اسمارٹ فونز انسانی اشاروں پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس میں مختلف کمپنیوں نے ایسے فونز پیش کیے جو روایتی ایپس کے استعمال کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
چینی کمپنی نوبیا نے نیوی ایکس الٹرا پیش کیا ہے جو بائٹ ڈانس کے مشہور چیٹ بوٹ ڈوباؤ کے ذریعے چلتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
دسمبر میں ڈوباؤ فون کا ایک ابتدائی ماڈل لانچ کیا گیا تھا جو آواز پر مختلف ایپس استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ تاہم بڑی ٹیک کمپنیوں نے ڈیٹا اور کنٹرول کے خطرات کے باعث ان اے آئی ایجنٹس کی رسائی روکنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔
چین کی بڑی کمپنیاں علی بابا، ٹین سینٹ اور جے ڈی ڈاٹ کام نے اسمارٹ فون کی اپنے پلیٹ فارمز تک رسائی بلاک کر دی ہے۔ ان کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ اگر اے آئی ایجنٹ براہ راست صارف کے کام کرنے لگے تو وہ کنٹرول کھو دیں گی۔ اس وجہ سے بائٹ ڈانس کو کچھ معاملات میں ٹول بند کرنا پڑا۔
ماہرین کے مطابق، اے آئی فونز کے لیے تمام ایپس تک رسائی حاصل کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ چین سے باہر بھی مقابلہ سخت ہے جہاں گوگل اور دیگر کمپنیاں نئے فیچرز شامل کر رہی ہیں۔


