اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : 2026 میں خسرہ سے اب تک ملک بھر میں 102 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ وفاقی وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق سندھ سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں 53 اموات ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 27، پنجاب میں 15 اور بلوچستان میں 7 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
پنجاب میں رواں سال خسرہ کے 11,192 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں 2,126 مثبت پائے گئے۔ سندھ میں 7,105 مشتبہ کیسز میں سے 2,280 مثبت تھے۔ خیبرپختونخوا میں 8,912 مشتبہ کیسز میں 3,199 کی تصدیق ہوئی جبکہ بلوچستان میں 858 کیسز میں سے 349 مثبت تھے۔
آزاد کشمیر میں 616 میں سے 216 کیسز اور گلگت بلتستان میں 230 میں سے 64 کیسز مثبت ثابت ہوئے۔ اسلام آباد میں 153 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں سے 85 مریضوں میں مرض کی تصدیق ہوئی۔
خسرہ کی علامات میں تیز بخار، جسم پر سرخ دانے، کھانسی، نزلہ اور آنکھوں میں سوزش شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق 5 سال سے کم عمر اور غذائی قلت کے شکار بچے خسرہ سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔


