اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ایس ایم ایز کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کسانوں کو اجناس اور پھلوں کی ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کمرشل بینکوں کو ایس ایم ایز کے لیے خصوصی قرضہ جاتی مصنوعات متعارف کرانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سمیڈا کو کاروباری منصوبوں کی تیاری اور دیگر مراحل میں صنعتکاروں کی مکمل رہنمائی اور معاونت کرنے کا کہا۔ وزیر اعظم نے سمیڈا کو نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کو نئی صنعتیں قائم کرنے میں معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے 700 ایس ایم ایز کی 16 بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت یقینی بنائی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کے اشتراک سے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


