دمشق (لارڈ میڈیا): دمشق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے دورے کے دوران دو بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکے اس ہوٹل کے قریب ہوئے جہاں صدر میکرون سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب صدر میکرون کا قافلہ ہوٹل سے صدارتی محل کی جانب روانہ ہوا، جبکہ دوسرا دھماکا ایک ایمبولینس کے قریب ہوا جو موقع پر کھڑی تھی۔ دھماکوں کے بعد قریبی دکانوں سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا۔
شامی سکیورٹی فورسز نے واقعے کے ذمہ داروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق دھماکوں کی آواز میکرون کے قافلے تک نہیں پہنچی اور ان کے ہمراہ موجود صحافیوں نے بھی کسی ہنگامی صورتحال کا مشاہدہ نہیں کیا۔ میکرون نے دن بھر کی اپنی طے شدہ مصروفیات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔


