اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ قید تنہائی اور جیل میں خلاف قانون سلوک کے سنگین الزامات نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔
عدالت کے جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خانم اور مبشرہ مانیکا کی درخواستوں پر 10 صفحات کا تحریری حکم جاری کیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ قید تنہائی اور جیل میں خلاف قانون سلوک کے الزامات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی دوسرے فریق کو نوٹس یا جیل حکام کی رپورٹ کے بغیر مسترد کیا جا سکتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی کی سزا نہیں دی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قید تنہائی کے الزامات جھوٹے ہیں اور یہ الزامات سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے لگائے گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قیدیوں کی جیل میں حالت اور جیل رولز کے مطابق دی گئی سہولیات پر بھی رپورٹ پیش کی جائے۔ مزید سماعت 6 اگست کو ہوگی۔


