کوئٹہ (لارڈ میڈیا): زیارت میں مسلح افراد نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، جس میں 9 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق مانگی میں حملہ آوروں نے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا، اور شہید اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی گئیں جبکہ 5 اہلکاروں کو اغوا کیا گیا، جن کی بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ایسے حملے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ زیارت میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ایف سی، پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے مشترکہ کارروائی میں 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں دی جائے گی اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


